بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں ،ورکرز یونین

 بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کسی صورت قبول نہیں ،ورکرز یونین

ادارے بیچنے کی کوشش کی گئی تو پی ایم ہاؤس ، ایوان صدر کی بجلی بند کر دینگے ،پریس کانفرنس

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے ) نے عالمی مالیاتی اداروں کے دباؤ پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی مجوزہ نجکاری کو مسترد کرتے ہوئے اسے حکومت کا ایک مزدور دشمن، عوام دشمن اور ملک دشمن اقدام قرار دیا ہے ۔ اس امر کا اعلان یونین کے مرکزی جوائنٹ پریذیڈنٹ حاجی رمضان خان اچکزئی، مرکزی چیئرمین گوہر تاج، آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، گیپکو کے ریجنل چیئرمین حاجی ولی الرحمٰن اور فیسکو کے ریجنل چیئرمین چوہدری سرفراز ہندل نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے ملک میں آئی ایم ایف کے ایجنڈے کے نفاذ، قومی اداروں کی توڑ پھوڑ اور منافع بخش بجلی کمپنیوں کی نجکاری جیسے حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لے اور منافع بخش بجلی کمپنیوں کی نجکاری کے ارادے سے باز رہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں فوری طور پر پرانی سطح پر واپس لائی جائیں، وفاقی بجٹ میں تنخواہوں، پنشن اور کم از کم اجرت میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ اور ٹیکسوں کی شرح کم کی جائے ۔ بجلی چوروں کا قلع قمع کیا جائے اور کارکنوں کو غنڈہ عناصر کیخلاف تحفظ فراہم کیا جائے ، انہوں نے خبردار کیا کہ حکمرانوں کے محلات کی بجلی کا بٹن ہمارے ہاتھ میں ہے اگر قومی ادارے کو بیچنے کی کوشش کی گئی تو وزیراعظم ہاؤس اور ایوان صدر سمیت حکمرانوں کے محلات کی بجلی بند کر دیں گے اور واپڈا کے ایک لاکھ سے زائد ملازمین پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دے دیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں