اسلام آباد صحت سہولت پروگرام دوبارہ شروع کردیا:مصطفی کمال
جڑواں شہروں کے 42ہسپتالوں میں مستحق مریضوں کا فری علاج کیا جا ئے گا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنیوالے ہسپتال کوڈی لسٹ کر دیاجا ئیگا،وفاقی وزیر
اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ کئی سال سے بند صحت سہولت پروگرام کو وفاقی دارالحکومت میں دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے ، جڑواں شہروں کے 42 ہسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جہاں مستحق مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔اگر کوئی ہسپتال پروگرام کے تحت مقررہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرے گا یا بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اسے فوری طور پر پروگرام سے ڈی لسٹ کر دیا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا، وفاقی وزیر نے صحت سہولت پروگرام (پرائم منسٹرز نیشنل ہیلتھ پروگرام) کے تحت زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں پوچھا۔ وزیر صحت نے کہا میں وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہوں جنہوں نے عوامی مفاد میں حکومت کی تجویز کو قبول کیا جس کے نتیجے میں کئی سال بعد صحت سہولت پروگرام کو دوبارہ فعال کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا یہ پروگرام اسلام آباد کی حدود میں نافذ العمل ہوگا، پروگرام کے تحت تمام معلومات اور اخراجات کا ریئل ٹائم ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا خامی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔