2ماہ گزر گئے، پولیس 16سالہ لڑکے کے قاتل پکڑ نہ سکی

2ماہ گزر گئے، پولیس 16سالہ لڑکے کے قاتل پکڑ نہ سکی

محسن امتحان دینے گھر سے نکلا،نعش کورنگ نالہ سے ملی،انصاف دلایا جائے،والدہ

بھارہ کہو (نمائندہ دنیا) تھانہ پھلگراں پولیس 2ماہ قبل جاں بحق ہونے والے 16سالہ محسن قریشی کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ گھر سے میٹرک کا امتحان دینے کیلئے سکول جانے والے بچے کی نعش قریبی نالہ کورنگ سے ملی تھی، مقتول کے لواحقین انصاف کیلئے کر پریس کلب پہنچ گئے۔ مقتول کی والدہ (ر) اور پھوپھی (ف) نے میڈیا کو بتایا کہ محسن امتحان دینے کیلئے گھر سے نکلا لیکن دوپہر ایک بجے تک واپس نہ آنے پر ہم نے گردونواح میں تلاش شروع کر دی، جس پر ہمیں ہمارے نامزد ملزمان علی حیدر، احمد شاہ، عمران خان، سمر عباس اور حسن جان نے اطلاع دی کہ محسن کی نعش نالہ کورنگ میں موجود ہے۔

جس پر پولیس اور ریسکیو 1122موقع پر پہنچے، پانی میں موجود نعش کو برآمد کیا اور کاغذی کارروائی کرتے ہوئے معاملے کو فائلوں کی نذر کر دیا اور نعش کا پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کیے بغیر قتل کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے نعش ہمارے حوالے کر دی۔ انہوں نے آئی جی اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بیٹے کے نامزد قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں