تجاوزات کیخلاف گرینڈ آپریشن ،غیر قانونی تعمیرات مسمار
آپریشن پشاور روڈ، ڈھوک مستقیم، رینج روڈ، مصریال روڈ، ڈھوک گجرا میں کیا گیا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) سٹیشن کمانڈر راولپنڈی کے خصوصی احکامات پر ایگزیکٹو آفیسر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ عامر رشید کی زیرِ نگرانی انفورسمنٹ برانچ نے کنٹونمنٹ کے مختلف علاقوں میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو غیر قانونی قبضوں سے واگزار کرا دیا گیا ہے ،ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق آپریشن پشاور روڈ، ڈھوک مستقیم ، رینج روڈ، مصریال روڈ، ڈھوک گجرا، ٹینچ بھاٹہ روڈ، سیکٹر 22 اور صدر کے مختلف علاقوں میں کیا گیا۔ کارروائی کے دوران ریڑھیاں، ٹھیلے ، ہوٹلوں کے باہر رکھی گئی کرسیاں، غیر قانونی کاؤنٹرز، سائن بورڈز اور دیگر تجاوزاتی سامان ضبط کر لیا گیا۔ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید نے کہا کہ کنٹونمنٹ علاقوں میں شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنا، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور فٹ پاتھوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے خالی رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا اور کسی کو بھی سرکاری اراضی یا فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔