مہنگائی ،پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیخلاف اگیگا کا دھرنا

مہنگائی ،پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیخلاف اگیگا کا دھرنا

ملازمین کی قانونی مراعات چھین کر احتجاج پر مجبور کر دیا گیا ،مقررین کاخطاب

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پنجاب بھر کی طرح راولپنڈی میں حالیہ مہنگائی و پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ اور پنجاب کے سرکاری ملازمین کی مراعات کے خاتمہ کی ترامیم کے خلاف آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کی شیڈول کے مطابق اگیگا راولپنڈی نے راولپنڈی پریس کلب لیاقت باغ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ قائدین راجہ طاہر مرکزی صدر اگیگا پاکستان اور رحمان علی باجوہ چیف کوآرڈینیٹر نے خصوصی شرکت کی اور پنجاب ٹیچر یونین ضلع راولپنڈی اور آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن ایپکا کے احتجاجی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی اور عبدالرؤف جنرل سیکرٹری کی ٹی یو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے ملازمین کی قانونی مراعات چھین کر انہیں احتجاج پر مجبور کر دیا۔ ایپکا رہنماء چوہدری مبشر نے کہا کہ ہم نیلا پاسپورٹ، محلات، لگژری گاڑیاں یا 600 فیصد تنخواہوں میں اضافہ نہیں مانگ رہے بلکہ اپنی چھینی گئی مراعات کی بحالی چاہتے ہیں۔ قاضی عمران مرکزی صدر پنجاب ٹیچر یونین پنجاب نے تمام احباب کی آمد اور اپنے حقوقِ کے یے احتجاج کے لیے تمام تنظیموں کو شرکت کی دعوت دی اور مشترکہ مطالبات کی منظوری کے لیے متحدہ جدوجہد پر زور دیا۔ راجہ طاہر نے کہا کہ کل سے تمام یونین کے تمام ساتھی اس عظیم مقصد کے لیے ہر روز شرکت فرمائیں تاکہ حکومت کو باور کروایا جا سکے کہ پنجاب کے سرکاری ملازمین سے ہی ظالمانہ سلوک کیوں روا رکھا جا رہا ہے جبکہ تمام صوبے اور وفاق یہی مراعات لے رہے ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...