میلانو، مونڈ افغانستان کے کاروباری گروپ کی ملکیت کا انکشاف

    میلانو، مونڈ افغانستان کے کاروباری گروپ کی ملکیت کا انکشاف

نیٹ ورک پاکستان کی سلامتی ،معیشت کیلئے خطرہ ،ایکٹ الائنس پاکستان

 اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) پاکستان میں افغانستان سے منسلک اسمگل شدہ سگریٹوں کا ایک منظم اور وسیع نیٹ ورک نہ صرف قومی خزانے کو ہر سال اربوں روپے کے ٹیکس سے محروم کر رہا ہے بلکہ قومی سلامتی کے لیے بھی سنگین خطرات پیدا کر رہا ہے ۔ اس بات کا انکشاف ایکٹ الائینس پاکستان کی ایک تحقیق میں کیا گیا ہے ۔ ایکٹ الائنس پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے سمگل شدہ سگریٹ برانڈز میلانو (Milano) اور مونڈ (Mond) مبینہ طور پر گلبہار ٹوبیکو کمپنی تیار کرتی ہے ، جس کی ملکیت افغانستان کے شہر جلال آباد سے تعلق رکھنے والی حبیبی فیملی کے پاس ہے ۔ جبکہ گلبہار ٹوبیکو کمپنی کی سگریٹ فیکٹریاں اس وقت دبء اور روس میں قائم ہیں۔ ایکٹ الائنس پاکستان کے مطابق گلبہار گروپ کا کاروباری نیٹ ورک افغانستان سمیت متحدہ عرب امارات، یورپ، برطانیہ، روس اور پاکستان تک پھیلا ہوا ہے۔

ایکٹ الائنس پاکستان کے مطابق گلبہار گروپ سگریٹ، ٹریڈنگ، سرمایہ کاری، ہوٹل، رئیل اسٹیٹ، سیمنٹ، توانائی اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرگرم ہے ۔ایکٹ الائنس پاکستان کے مطابق میلانو اور مونڈ سگریٹ برانڈز افغانستان سے مختلف پہاڑی راستوں کے ذریعے بلوچستان پہنچائے جاتے ہیں، جہاں سے ایک منظم ترسیلی نظام کے تحت انہیں ملک کے تقریباً ہر بڑے شہر اور ریٹیل مارکیٹ تک پہنچایا جاتا ہے ۔ اس کے علاؤہ بعض اوقات اسمگل شدہ سگریٹوں کی ترسیل انرجی ڈرنکس اور دیگر سامان کی آڑ میں بھی کی جا رہی ہے ۔مزید اس سمگلنگ نیٹ ورک میں متعدد منظم گروہ ملوث ہیں اور اسمگل شدہ سگریٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی خطیر رقوم مبینہ طور پر منی لانڈرنگ کے ذریعے ہر ماہ افغانستان منتقل کی جاتی ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کو ہر ماہ اربوں روپے کے ریونیو کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...