مختلف جامعات کے سربراہان کے وفد کا نسٹ کا دورہ
وفد کو تعلیمی نظام، تحقیقی و اختراعی سرگرمیوں اور ادارے کے اہم اقدامات پر بریفنگ
اسلام آباد(دنیا رپورٹ )ملک کے مختلف سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز، سینئر ڈینز اور انتظامی سربراہان پر مشتمل وفد نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے زیرِاہتمام قیادت سازی کے پروگرام کے سلسلے میں نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا۔آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور راولپنڈی ریجن سے تعلق رکھنے والے جامعات کے سربراہان کے وفد کو نسٹ کے پرو ریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر عثمان حسن اور چیف آف فنانس اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ راؤ صابر علی نے خوش آمدید کہا۔ وفد کو نسٹ کے تعلیمی نظام، تحقیقی و اختراعی سرگرمیوں اور ادارے کے اہم اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد نے نسٹ کے نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (NSTP) اور اسکول آف انٹر ڈسپلنری انجینئرنگ اینڈ سائنسز (SINES) سمیت مختلف سہولیات کا دورہ بھی کیا، جہاں شرکاء کو تعلیم، تحقیق اور اختراع کو مربوط کرنے والے نسٹ کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔دورے کا اختتام ریکٹر نسٹ ڈاکٹر زاہد لطیف کے ساتھ ایک خصوصی نشست پر ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے قومی مسائل کے حل میں جامعات کے بدلتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری معیاری تعلیم کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ انہیں علم اور اختراع کے ذریعے معاشرے میں بامعنی کردار ادا کرنا اور طلبہ میں قومی و سماجی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنا بھی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments