آئی سی سی آئی انتخابات کل ، 28نشستوں کیلئے 57 امیدوارمیدان میں
ایسوسی ایٹ ممبرز کلاس سے 30، کارپوریٹ ممبرز کلاس سے 27امیدوار شامل
اسلام آباد (اے پی پی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے انتخابات 2026-28 کل ہوں گے جن میں تمام اہل ووٹرز چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی 28 نشستوں کے لیے اپنے نمائندگان کا انتخاب کریں گے ۔وفاقی دارالحکومت کی کاروباری برادری میں انتخابات کے حوالے سے بھرپور جوش و خروش پایا جا رہا ہے جبکہ امیدوار اور ان کے حامی ووٹرز سے رابطوں اور اپنے انتخابی پروگراموں اور ترجیحات کو اجاگر کرنے میں مصروف ہیں۔ انتخابات ایگزیکٹو کمیٹی کی 28 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 57 امیدوار میدان میں ہیں جن میں ایسوسی ایٹ ممبرز (اے ایم) کلاس سے 30 جبکہ کارپوریٹ ممبرز (سی ایم) کلاس سے 27 امیدوار شامل ہیں۔ ووٹرز دونوں کلاسز سے 14،14 امیدواروں کا انتخاب کریں گے جو نئی ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گے ۔انتخابی عمل کے دوسرے مرحلے میں خواتین کاروباری شخصیات کے لیے مخصوص دو نشستوں کا انتخاب 17 ستمبر 2026 کو ہوگا جبکہ چیمبر کے عہدیداران کا انتخاب 19 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا جبکہ سالانہ جنرل میٹنگ (اے جی ایم) 30 ستمبر کو منعقد ہوگی۔چیف الیکشن کمشنر عمر رفیق نے کہا ہے کہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments