سیکٹر ای 12میں زیر التوا قبضے واگزار ،ترقیاتی کام دوبارہ شروع
16 کنال اراضی پر ریکارڈ کی تصدیق اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد غیر مجاز تعمیرات مسمار
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) سی ڈی اے نے اسلام آباد کے سیکٹر ای-12 میں حاصل شدہ اراضی پر طویل عرصے سے جاری قبضے سے متعلق مسئلہ حل کر دیا ہے ، جس کے بعد مذکورہ مقام پر ترقیاتی کام دوبارہ شروع کر دیئے گئے ہیں۔ تقریباً 16 کنال حاصل شدہ سی ڈی اے اراضی جو غیر مجاز قبضے میں تھی، متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور ضروری قانونی و انتظامی کارروائی مکمل کرنے کے بعد واگزار کرا لی گئی ہے ۔مذکورہ اراضی پر نجی گارڈز کے لیے رہائش، ایک ہالیڈے ہوم اور 14 دکانیں قائم تھیں، جنہیں تجارتی بنیادوں پر کرائے پر دیا جا رہا تھا۔
غیر مجاز قبضے کے باعث سی ڈی اے اس مقام پر ترقیاتی سرگرمیاں آگے بڑھانے سے قاصر تھا، جس کے نتیجے میں سیکٹر ای-12 کے رہائشیوں اور الاٹیز کے لیے بنیادی ڈھانچے اور عوامی سہولیات کی بروقت فراہمی متاثر ہو رہی تھی۔حصولِ اراضی کے ریکارڈ اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ غیر مجاز قبضہ سی ڈی اے کے ایک ریٹائرڈ ملازم کے ایک رشتہ دار کی جانب سے کیا گیا تھا۔ ریکارڈ کی تصدیق اور ضروری قانونی و انتظامی کارروائی کے بعد غیر مجاز تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments