ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم 21 سے 27 ستمبر تک ہوگی
115 اضلاع میں 3کروڑ 10لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلائے جائیں گے
اسلام آباد (نیوز رپورٹر)پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے تحت 21 سے 27 ستمبر تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا، جس کے دوران ملک بھر کے 115ہائی رسک اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 3 کروڑ 10 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم بلوچستان، گلگت بلتستان، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں منعقد کی جائے گی۔ مہم کے دوران ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی جہاں پولیو وائرس کا خطرہ زیادہ ہے۔ یہ مہم افغانستان میں جاری انسدادِ پولیو سرگرمیوں کے ساتھ بیک وقت منعقد کی جائے گی تاکہ دونوں ممالک میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
مہم سے قبل وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، عائشہ رضا فاروق نے صحافیوں کے ساتھ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (NEOC) میں خصوصی نشست منعقد کی۔ اس موقع پر پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کی قیادت اور تکنیکی ماہرین نے صحافیوں کو ستمبر کی مہم کی تیاریوں، نگرانی کے نتائج اور ہر اہل بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ مہم کے دوران 2 لاکھ 73 ہزار سے زائد تربیت یافتہ فرنٹ لائن ورکرز بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے ۔پاکستان میں 2026 کے دوران اب تک پولیو وائرس کے چار تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں تین خیبر پختونخوا اور ایک سندھ سے ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments