پلاسٹک بیگز کا استعمال، 88دکاندار گرفتار، 9دکانیں سیل
کارروائیاں سنگل یوز پلاسٹک کی ممانعت سے متعلق 2023کے قانون کے تحت جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد میں پولی تھین بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی کے نفاذ کیلئے ضلعی انتظامیہ نے سخت قانونی کارروائیوں اور بڑے کریک ڈان کا آغاز کر دیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 313کلو گرام پولی تھین بیگز ضبط کیے گئے جبکہ خلاف ورزی پر 88دکانداروں کو گرفتار اور 9دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائیاں سنگل یوز پلاسٹک کی ممانعت سے متعلق 2023کے قانون کے تحت کی جا رہی ہیں، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں پولی تھین بیگز کے استعمال، فروخت اور فراہمی پر پابندی عائد ہے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے کہا کہ پولی تھین بیگز پر پابندی کا مقصد ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور قدرتی ماحول کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک بیگز زمین، آبی گزرگاہوں اور شہری ماحول میں دیرپا آلودگی کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے شہریوں اور تاجروں سے بھی اپیل کی کہ صاف اور سرسبز اسلام آباد کیلئے پولی تھین بیگز کا استعمال ترک کریں اور پابندی کے موثر نفاذ میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments