مدارس کو دہشتگردی سے نتھی کرنا افسوسناک:حنیف جالندھری

مدارس کو دہشتگردی سے نتھی کرنا افسوسناک:حنیف جالندھری

مشیر اطلاعات ثمرہارون بلورپہلے اپنی معلومات درست کریں:ناظم اعلیٰ وفاق المدارس

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری نے مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا ثمر ہارون بلور کے مدارس سے متعلق بیان پر افسوس اور حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس کو دہشت گردی کے ساتھ نتھی کرناانتہائی افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور ریگولرائزیشن کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت، متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت اور اس سلسلے میں کیے جانے والے ہوم ورک سے آگاہی حاصل کیے بغیر اس طرح کے بیانات دینا مناسب نہیں۔ مشیر اطلاعات کو چاہئے کہ وہ پہلے اپنی معلومات درست کریں اور متعلقہ حقائق سے آگاہی حاصل کریں۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف قومی عزم اور اقدامات اپنی جگہ، لیکن مدارس کا غلط سیاق و سباق میں تذکرہ کرکے انہیں دہشت گردی کے ساتھ جوڑنا اور ان کے بارے میں شکوک وشبہات پیدا کرنا تمام دینی مدارس کو مشکوک بنانے کی کوشش کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت بھی پیش نظر رہنی چاہیے کہ دینی مدارس اور علما کرام خود دہشت گردی کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ ثمر ہارون بلور کی طرف سے اس نوعیت کا بیان سامنے آنا زیادہ افسوسناک اور باعثِ حیرت ہے ، جن کا تعلق ایسے خاندان سے ہے جو خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...