ایتھوپیا کے سفیر کا راولپنڈی چیمبر کا دورہ ،تاجروں سے ملاقات
مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے ،ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا عزم
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی جمہوریہ ایتھوپیا کے پاکستان میں سفیر ڈاکٹر عمر ایچ اوبا نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، راولپنڈی کی کاروباری برادری کے ساتھ ایک جامع انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی اور ایتھوپیا میں تجارت و سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔چیمبر آمد پر صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام الرحمٰن عباسی اور ایگزیکٹو باڈی کے اراکین نے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر سفیر ڈاکٹر عمر اوبا نے چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں کاروباری برادری کی ترقی اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشتوں میں شامل ہے اور افریقی منڈیوں تک رسائی کے لیے ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا میں افریقی یونین اور اقوام متحدہ کے اقتصادی کمیشن برائے افریقہ کے ہیڈکوارٹرز بھی قائم ہیں، جو اس کی علاقائی اور عالمی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ سفیر نے ایتھوپین سفارت خانے اسلام آباد کی جانب سے ایتھوپیا کے لیے مجوزہ کاروباری وفد کی تفصیلات بھی شیئر کیں اور راولپنڈی کی کاروباری برادری کو دعوت دی کہ وہ ایتھوپیا کا دورہ کرکے زراعت، زرعی مصنوعات کی پراسیسنگ، مینوفیکچرنگ، کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے ۔صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان نے سفیر کو چیمبر کی سرگرمیوں، کاروباری ترجیحات اور اہم صنعتی و تجارتی شعبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments