ملکی معیشت کی بہتری کیلئے زرعی پیداوار بڑھانی ہوگی ،رانا تنویر

 ملکی معیشت کی بہتری کیلئے زرعی پیداوار بڑھانی ہوگی ،رانا تنویر

تجدیدی زراعت اور جدید تحقیق پر مبنی کاشتکاری کو فروغ دیا جائے ،اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر نے کہا ہے کہ تجدیدی زراعت اور جدید تحقیق پر مبنی کاشتکاری کے طریقے پاکستان کے زرعی وسائل کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے پائیدار زرعی پیداوار یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ زرعی تحقیقاتی اداروں کی کارکردگی کا اصل معیار ایسی عملی اور مؤثر تحقیق ہونی چاہیے جس کے ثمرات براہِ راست کسانوں تک پہنچیں، زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد ملے۔ ان خیالات کا اظہارقومی زرعی تحقیقاتی مرکز میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں این اے آر سی کے مختلف تحقیقاتی اداروں کی خریف 2026ء کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں اور ربیع 2026-27ء کے تحقیقی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں زرعی ترقی کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، تاہم ان سے بھرپور استفادے کے لیے جدید سائنسی تحقیق، نئی ٹیکنالوجی اور تحقیقاتی اداروں اور کسانوں کے درمیان مؤثر روابط ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ زیادہ پیداوار دینے والی اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی فصلوں کی اقسام کی تیاری، پانی کے مؤثر استعمال اور زرعی پیداواری لاگت میں کمی کو قومی تحقیقاتی اداروں کی اولین ترجیحات میں شامل کیا جانا چاہیے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...