متحدہ نے سانحہ علی گڑھ، قصبہ کالونی و سقوط ڈھاکا منایا
شہدا کو زبردست خراج تحسین، چاروں صوبوں، گلگت اور کشمیر میں اجتماعاتنائن زیرو پر مرکزی اجتماع، رابطہ کمیٹی، ارکان قومی و سندھ اسمبلی، کارکنان شریک
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام سانحہ علی گڑھ و قصبہ کالونی اور سانحہ سقوط ڈھاکہ کے شہدا کی برسی ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ برسی کے سلسلے میں صوبہ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان، خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں ہوا جس میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرز ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، انجینئر ناصر جمال، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنمائوں، ذمے داروں اور کارکنوں سمیت شہداء کے عزیز واقارب نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجتماع میں بعد نماز ظہر تا عصر سانحہ علی گڑھ و قصبہ کالونی اور سانحہ سقوط ڈھاکہ کے شہدا کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور قرآنی آیات کا ورد کیا گیا ۔بعد ازاں حق پرست رکن سندھ اسمبلی عبدالحسیب نے سانحہ علی گڑھ و قصبہ کالونی اور سانحہ سقوط ڈھاکہ کے شہداکے لیے خشوع و خضوع کے ساتھ فاتحہ خوانی کی اور اجتماعی دعا کرائی جس میں شہدا کے بلند درجات، لواحقین کے لیے صبر جمیل، اسیر کارکنان کے بلند حوصلے ، ان کی جلد رہائی ، ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے ، حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی ، بیماروں کی شفایابی ، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے ، امن و امان کے قیام کے علاوہ قائد تحریک الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤ کےلیے خصوصی دعا کی گئی۔اسی طرح حیدر آباد زون، میر پور خاص ، سکھر ، نواب شاہ، سانگھڑ ، ٹنڈوالہ یار، جامشورو، عمر کوٹ، ٹھٹھہ، بدین ، گھوٹکی، خیر پور ، نوشہرو فیروز، دادو، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، شکار پور، کشمور اور جیکب آباد میں سانحہ علی گڑھ قصبہ کالونی او رسانحہ سقوط ڈھاکہ کے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خونی کی گئی اور انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔