ناظم آباد، بینک ڈکیتی میں 2لاکھ 70ہزار لوٹ لیے گئے
ملزمان کیمرے کی ریکارڈنگ چھوڑ گئے، منیجر کا پولیس کارروائی سے انکار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ناظم آباد گول مارکیٹ میں واقع نجی بینک سے تین مسلح ملزمان 2لاکھ 70ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،پولیس کو شبہ ہے کہ ڈکیتی میں بینک کا عملہ ملوث ہے ،مذکورہ بینک ڈکیتی سال رواں کی دوسری بینک ڈکیتی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ناظم آباد نمبر3 گول مارکیٹ میں واقع نجی بینک میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار 3 مسلح ملزمان بینک میں داخل ہوئے اور بینک پر تعینات نجی سیکیورٹی کمپنی کے تین گارڈز کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر بینک کے کیش کاؤنٹر سے 2لاکھ 70 ہزار روپے لوٹ کر بآسانی فرار ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔اس ضمن میں ایس ایچ او ناظم آباد اعجاز لودھی کے مطابق بینک میں ڈکیتی کے وقت نجی سیکیورٹی کمپنی کے تین گارڈز اور بینک کے تین ملازمین موجود تھے،گارڈز نے کوئی مزاحمت نہیں کی ،ملزمان بینک میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ بھی چھوڑ گئے ہیں تاہم بینک منیجر اختر نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ہمیں کسی بھی قسم کی پولیس کارروائی نہیں کروانی۔پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ بینک میں اس سے قبل بھی ڈکیتی کی واردات ہوچکی ہے جب کہ مذکورہ بینک ڈکیتی سال رواں کی دوسری بینک ڈکیتی ہے۔