دہشت گر دی کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج
پولیس کے مظاہرین سے بارہا مذاکرات،تلخ کلامی کے بعد پی آئی ڈی سی تک محدود کردیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سول سوسائٹی کی جانب سے سانحہ شکار پور اور دیگر مقامات پر ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاج کی کوشش کرنے پر پولیس نے مظاہرین کو بارہا مذاکرات اور تلخ کلامی کے بعد پی آئی ڈی سی تک محدود کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سول سوسائٹی کی جانب سے سانحہ شکار پور اور کراچی سمیت سندھ بھر میں ہونے و الی دہشتگردی کے واقعات اور اس میں ملوث ملزموں کی عدم گرفتاری کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرے کا فیصلہ کیا جیسے ہی مظاہرین پی آئی ڈی سی کے قریب پہنچے تو وہاں پہلے سے موجود پولیس نفری نے مظاہرین کو وزیر اعلیٰ ہاؤس جانے سے منع کیا جس پر ان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور پولیس نے مظاہرین کو پیچھے کی جانب جانے کو کہا تاہم مظاہرین کی جانب سے وزیر اعلی ٰ ہاؤس جانے کیلئے اصرار کیا گیاجس کے بعد پولیس کے اعلیٰ افسران آئے اور ان سے مذاکرات کے بعد انہیں پی آئی ڈی سی کے پاس احتجاجی مظاہرے کی اجازت دی ، مظاہرین میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھائے رکھے تھے جس میں دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔