گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ جاری ، افسر بھاری نذرانے وصول کر کے خاموش
محکمہ سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جا رہا ، مافیا کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف بھی محکمانہ اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں :شہریوں کا مطالبہ
فیصل آباد( عبدالباسط سے )گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والے عناصر کے سامنے سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے گھٹنے ٹیک لئے گئے ۔ مختلف رہائشی علاقوں مین شاہراہوں، مارکیٹوں اور دیگر اہم مقامات پر قائم گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والی دکانیں آئے روز آگ لگنے اور سلنڈر پھٹنے سمیت دیگر حادثہ کا سبب بننے کے باوجود بھی انتظامیہ کی جانب سے انہیں نکیل نہ ڈالی جاسکی۔ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لانے کی بجائے مبینہ طور پر متعلقہ اداروں کے افسر اور ملازمین کی جانب سے ان سے بھاری نذرانے وصول کرتے ہوئے خاموشی اختیار کر لی گئی۔
جبکہ غیر قانونی ری فلنگ کے دوران آئے روز سلنڈرز پھٹنے ، آگ لگنے اور دیگر جان لیوا حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے ان کے خلاف کارروائیاں عمل میں لانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ۔ذرائع کے مطابق سول ڈیفنس ٹیموں کی جانب سے مبینہ طور پر برائے نام کاروائیوں کے دوران کاغذی کارروائیاں کی جاتی ہیں،شہریوں کی جانب سے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ گیس سلنڈرز کی غیر قانونی ری فلنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لانے کے ساتھ ان کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کے خلاف بھی محکمانہ اور قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ شہریوں کی قیمتی جان و مال کو تحفظ میسر آسکے ۔