فیصل آباد میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ
سہولت بازاروں کے جاری تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت
فیصل آباد (نیوز رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے ڈجکوٹ، کلیم شہید کالونی اور مدینہ ٹاؤن میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جبکہ ملت روڈ، سرگودھا روڈ، ستیانہ روڈ، پہاڑی گراؤنڈ اور سمندری روڈ پر سہولت آن دی گو بازار بھی قائم کیے جائیں گے ، جہاں شہری فوری اور آسان خریداری کر سکیں گے ۔اس کے علاوہ چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ میں زیرِ تعمیر سہولت بازاروں کے جاری تعمیراتی کاموں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ان فیصلوں کا اعلان ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔
جس میں مختلف امور پر غور اور ضروری فیصلے کیے گئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صارفین کو معیاری اشیائے ضروریہ سستے داموں فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے زیرِ تعمیر سہولت بازاروں کو مقررہ مدت میں مکمل کر کے عوام کے لیے کھولنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سہولت بازاروں کے قیام سے متوسط اور کم آمدن طبقے کو براہِ راست ریلیف ملے گا، جبکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔