ٹھٹھہ میں مخدوم ہاشم پبلک لائبریری کا مرمت کے بعد افتتاح
لائبریریاں نوجوانوں کو مطالعے کی طرف راغب کرکے غیرصحتمندانہ سرگرمیوں سے بچاتی ہیںکسی بھی معاشرے میں لائبریریاں سیکھنے اور مطالعے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں،ڈی سی ٹھٹھہ
ٹھٹھہ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ ندیم الرحمان میمن نے کہاہے کہ مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی پبلک لائبریری کو ضروری فرنیچر، کتابیں او دیگر مطلوبہ سہولیات مہیا کی جائیں گی کیونکہ لائبریریاں کسی بھی معاشرے میں سیکھنے اور مطالعے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مکلی پبلک پارک میں مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی پبلک لائبریری کی مرمت کے بعد افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم محمد ہاشم ٹھٹوی پبلک لائبریری کو فعال بنانے اور اس کی دیکھ بھال کرنا ہم سب کی ذمے داری ہے تاکہ نوجوان نسل کو کتابوں کے مطالعے کی طرف راغب کرکے دیگر غیر ضروری سرگرمیوں سے بچایا جا سکے ۔ انہوں نے لائبریری کی مرمت اور اس کو فعال بنانے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون پر ایم پی اے رخسانہ شاہ و دیگر کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پی پی رہنما سید محمود عالم شاہ نے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ ندیم الرحمان میمن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کو چاہیے کہ ٹھٹھہ ضلع کی تاریخ اور تاریخی کرداروں کے متعلق مطالعہ کریں اور اپنا زیادہ وقت لائبریری میں صرف کرکے تعلیم کے میدان میں آگے آئیں۔ ضلعی انتظامیہ، سیاسی و سماجی قیادت اور صحافی برادری کی مدد سے پبلک لائبریری کو فعال کرے گی اور آئندہ بھی پبلک لائبریریوں کے قیام کیلئے کوششیں کرے گی۔