سود سے پاک معاشی پالیسیاں بنائی جائیں،شاداب رضا
کراچی (اسٹاف رپورٹر )سربراہ پاکستان سنی تحریک شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے سود سے پاک معاشی پالیسیاں بنائی جائیں،سود کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے حکومت۔۔۔
اعلیٰ عدلیہ کو شرعی عدالت کی طرح کردارادا کرنا ہوگا،ملک سے سودی نظام کا مکمل خاتمہ چاہتے ہیں،سود پر قرضے لینا اور دینا اللہ کے عذاب کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ٹیکسز مافیاز کے حوالے کرکے غریبوں کا خون وپسینہ نچوڑا جارہا ہے ،حکومت ہر طریقے سے غریب سے جینے کا حق چھینے پر گامزن نظر آرہی ہے ،عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کی بجائے نت نئے ٹیکسز کی بوچھاڑ جمہوری قدروں کے منافی عمل ہے ،عوام کو ریلیف دینے کی حکومتی سوچ لگتا ہے ختم ہوگئی ہے ، غربت کو ختم کرنے کے بجائے غریب کو ختم کرنے کی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں،عوام کو جمہوری وآئینی حقوق سے محروم کرنا حکومت بتائے کس زمرے میں آتا ہے ،ملک میں آزاد کشمیر جیسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں،آزاد کشمیر کے عوام نے اپنی جدوجہد سے مطالبات منوائے ، پاکستان کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول کیلئے اُٹھ کھڑے ہوں،پاکستان سنی تحریک غریبوں، کسانوں، مزدوروں اور تاجروں کے حقوق کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔شاداب رضا نقشبندی کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے تو غریبوں کو ریلیف اور مہنگائی کو ختم کرنا ہوگا،حکومت ایسے فیصلوں سے اجتناب کرے جس سے غریبوں کو شدید معاشی مشکلات کا سامناکرنا پڑتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتے رہیں گے ،پاکستان کو مضبوط ومستحکم دیکھنا چاہتے ہیں،حکومت کو چاہیے کہ وہ بھی غریبوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کرے ۔