حیدر آباد:کئی وارداتوں میں مطلوب 2ملزم مقابلے میں زخمی

حیدر آباد:کئی وارداتوں میں مطلوب 2ملزم مقابلے میں زخمی

پولیس نے مظہر، ممتاز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا، 5 منشیات فروش بھی گرفتاربدین میں 3 گٹکا سپلائر، شکار پور سے 5 ڈکیت، کنڈیارو میں رہزن گرفتار کرلئے گئے

حیدر آباد اندرون سندھ (بیورو رپورٹ، نمائندگان)حیدرآباد پولیس نے کئی وارداتوں میں مطلوب دو ملزمان کو مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا،  جبکہ تیسرا فرار ہوگیا۔ ادھر بدین میں 3 گٹکا سپلائر،  شکار پور سے 5 ڈکیت اور محراب پور میں رہزن گرفتار کرلئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں ہٹری پولیس نے مقابلے میں دو زخمی ملزمان مظہر علی اور ممتاز علی مستوئی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور گولیاں برآمد کرلیں، ان کا تیسرا ساتھی فرار ہوگیا۔ پولیس نے دو نوں زخمی ملزمان کو سول اسپتال منتقل کردیا، پولیس کے مطابق ملزمان پیٹرول پمپ پر ڈکیتیوں سمیت متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے ۔ جبکہ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود سے پانچ افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ، منشیات برآمد کرلی ۔ ادھر پنگریو پولیس نے بین الصوبائی گٹکا نیٹ ورک بے نقاب کرکے 34,100 ساشے برآمدکرکے بین الصوبائی گٹکا سپلائرز کے 3 ملزمان کو دو کرولا کاروں سمیت گرفتار کرلیا۔ دریں اثنا شکارپور پولیس نے ڈکیتی اور چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث پانچ ڈکیت گینگ ملزم گرفتار کرلئے ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی 5 لاکھ کیش,ایک مہران کار،12 موٹر سائیکل اور پانچ ٹی ٹی پستول بھی برآمد کئے ہیں۔محراب پور میں مبینہ مقابلے کے دوران رہزن محسن لاکھو ولد جمن لاکھو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، ملزم کے دیگر ساتھی فرار ہونے ہوگئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں