فنڈز کی کمی ، ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ٹو میں تاخیر کاخدشہ

فنڈز کی کمی ، ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ٹو میں تاخیر کاخدشہ

منصوبے کو سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے شروع کیے جانے کا امکان منصوبے پر کچھ تکنیکی اعتراضات دور ہونے کے بعد مشروط اجازت دے دی

لاہور (شیخ زین العابدین)ٹولنٹن مارکیٹ کے فیز ون کی تکمیل کے بعد اب فیز ٹو بھی شروع ہونے جا رہا ہے ،مگر کئی شرطوں اور اعتراضات کے ساتھ پنجاب حکومت نے 70کروڑ روپے کے اس منصوبے کی مشروط منظوری دے تو دی ہے لیکن بجٹ میں فنڈز نہ ہونے سے عملی آغاز تاخیر کا شکار ہوگا ،فیز ٹو میں سلاٹر ہاؤس، ڈرین کورنگ اور جدید سہولتوں کی تنصیب شامل ہے ، مگر اس وقت تک سب کچھ وزیراعلیٰ کی صوابدیدی فنڈز پر منحصر ہے ۔ ذرائع کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد پنجاب حکومت نے اب فیز ٹو کے آغاز کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔ محکمہ پی اینڈ ڈی نے منصوبے پر کچھ تکنیکی اعتراضات دور ہونے کے بعد مشروط اجازت دے دی ہے ، جس کے تحت تعمیراتی کام مرحلہ وار شروع ہوگا۔پنجاب حکومت نے فیز ٹو کیلئے 70 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا ہے ، تاہم مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں اس منصوبے کے لیے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ منصوبہ اب سپلیمنٹری گرانٹ کے ذریعے شروع کیے جانے کا امکان ہے ، جبکہ حتمی منظوری وزیراعلیٰ کے صوابدیدی فنڈز سے مشروط ہے ۔فیز ٹو میں ٹولنٹن مارکیٹ کو مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں