میرپور خاص:تجاوزات کے ذمہ دار تاجرہیں، ایس ڈی پی او
ٹریفک پولیس کی نفری کم ہونے کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں، قرۃ العیننظام کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں گے ، تاجروں کے وفد سے گفتگو
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)ایس ڈی پی او قرۃ العین نے شہر میں تجاوزات کا ذمہ دار تاجروں کو ٹھہرا دیا، انہوں نے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے تاجر اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، جلد شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لیے اقدامات کئے جائیں گے ۔ ان باتوں کا اظہار انہوں نے مرکزی تنظیم تاجران کے ایک وفد سے اپنے آفس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ مرکزی تنظیم تاجران کے صدر کامران میمن ملک عبدالخالق عبدالحق چوہان کاشف میمن، محمد شہزاد خان، اویس رضا ملک نے نئی تعینات ایس ڈی پی او سٹی قرۃ العین کو شہر کے مسائل سے آگاہ کیا ۔ قرۃ العین نے تاجروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا، اور تاجروں سے مسائل کے حل کے لیے تجاویز لیں، اس موقع پر ایس ڈی پی او نے مارکیٹ چوک پوسٹ آفس چوک اسٹیشن چوک بلدیہ روڈ سمیت دیگر شہر کی شاہراہوں پر ناجائز رکشہ، چنگ چی اسٹینڈ سمیت پارکنگ کے مسائل اور بازاروں میں آنے والی خواتین کی پریشانی پر قابو پانے کے لیے جلد اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ٹریفک کے مسائل ٹریفک پولیس کی کم نفری کے ساتھ تاجروں کی جانب سے موثر اقدامات نا کرنا سمیت پارکنگ پر تجاوزات قائم کرنے سے مسائل بڑھ رہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد شہر کی اہم شاہراہوں مارکیٹوں کا دورہ کرکے ٹریفک کے ساتھ پارکنگ کے لیے تمام محکموں سے رابطہ کیا جائے گا۔