نوکوٹ:خواجہ چوک تا بینظیر چوک تجاوزات کیخلاف بڑا آپریشن

نوکوٹ:خواجہ چوک تا بینظیر چوک تجاوزات کیخلاف بڑا آپریشن

شہریوں کوبرسوں سے داخلی و خارجی راستے پر تجاوزات سے پریشانی کا سامنا تھااسسٹنٹ کمشنر نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ تجاوزات کی مسماری شروع کی

نوکوٹ (نمائندہ دنیا )خواجہ چوک تا بے نظیر چوک تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشنشروع کردیا گیا، شہریوں کو برسوں سے شہر کے واحد داخلی و خارجی راستے پر قائم تجاوزات کے باعث پریشانی کا سامنا تھا۔ خواجہ چوک سے بے نظیر چوک تک ٹریفک جام معمول بن چکا تھا۔ اس صورتحال کے حل کیلئے تحصیل جھڈو کے اسسٹنٹ کمشنر غضفر برداخ نے گزشتہ رات تحصیل انتظامیہ، ٹاؤن کمیٹی نوکوٹ اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ہیوی مشینری کے ذریعے بڑے پیمانے پر مسماری کا آپریشن شروع کیا، دکانداروں کو دو ہفتے قبل حدود کے نشانات لگا کر تمام غیرقانونی تعمیرات از خود ہٹانے کی مہلت دی گئی تھی، جو ختم ہونے پر کارروائی کی گئی۔ رات گئے جاری رہنے والے آپریشن میں متعدد تجاوزات ہٹا دی گئیں، اسسٹنٹ کمشنر غضفر برداخ کا کہنا تھا کہ بار بار وارننگ کے باوجود دکاندار تجاوزات ختم نہیں کررہے تھے ، جس کے بعد یہ قدم اٹھانا ضروری تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر قائم تمام تجاوزات، ہیوی ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی تعمیرات اور روڈ پر قائم ناجائز اڈوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور اس معاملے میں کسی سیاسی یا بااثر شخص کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا، شہریوں نے کارروائی کرنے پر اسسٹنٹ کمشنر اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آپریشن سے ٹریفک کے مسئلے کا حل ممکن ہو سکے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں