غزہ جنگ بندی دھوکا،فلسطینیوں کا قتل عام جا ری ، مشتاق احمد
پاک فلسطین فورم کے زیر اہتمام ملک بھر میں احتجاج کرینگے ،سابق سینیٹر
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )سابق سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ غزہ جنگ بندی محض دھوکا ہے ،جنگ بندی کی آڑمیں نسل کشی جاری ہے اور فلسطینیو ں کو صفحہ ہستی سے مٹایا جارہا ہے ، فلسطین میں لوگ بھوک سے مر رہے ہیں، 90فیصد کو صاف پانی میسر نہیں ،زیر زمین مجاہدین کو محفوظ راستہ دیا جائے ، فلسطین کیلئے نعرہ لگانا جرم نہ بنا یا جا ئے ، پاک فلسطین فورم کی جانب سے لائحہ عمل بنایا جائے گا اور وکلا، سول سوسائٹی اور دیگر تنظیموں کے ہمراہ ملک بھر کی پریس کلبوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اسرائیل نہ صرف معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے بلکہ بمباری، محاصرہ، قتل عام اور اجتماعی سزا کے اقدامات میں مزید اضافہ کر چکا ہے ۔ ہم پاکستان کے عوام اور عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوں۔