چیئر مین سینیٹ کا یواین کے تعاون سے منعقدہ نمائش کا دورہ
منتظمین کو مبارکباد، مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رہیگی ، یوسف گیلانی
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں اقوامِ متحدہ کے تعاون سے منعقدہ نمائش میں شرکت کی۔ انہوں نے مختلف آرٹ گیلریز کا دورہ کیا اور تخلیقی فن پاروں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، منتظمین، متعلقہ اداروں اور شرکا کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا ایسی سرگرمیاں پاکستان کے روشن، امن پسند اور ثقافتی طور پر متنوع تشخص کو اجاگر کرتی ہیں۔ اقوامِ متحدہ پاکستان میں فن و ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی ایسی سرگرمیاں معاشرتی ہم آہنگی، فکری ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کا باعث بنیں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایوانِ بالا فنون، ثقافت اور تخلیقی اظہار سے متعلق مثبت سرگرمیوں کی سرپرستی آئندہ بھی جاری رکھے گا۔