نواب شاہ میں رکشے پرفائرنگ سے لیڈی پولیس اہلکار زخمی
رخسانہ مشوری کو 7گولیاں لگیں، نازک حالت میں کراچی منتقل، حملہ آور فرارواقعہ پولیس فورس پر حملے کے مترادف، ایس ایس پی، 5افراد گرفتاری کا دعویٰ
نوابشاہ (نمائندہ دنیا)تھانہ اے سیکشن کی حدود میں ڈیوٹی پر جاتے ہوئے لیڈی پولیس اہلکار کو نامعلوم ملزمان نے رکشے میں فائرنگ کرکے زخمی کردیا، لیڈی پولیس اہلکار رخسانہ مشوری کو تشویشناک حالت میں پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا گیا، واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اسپتال پہنچ گئی۔ رخسانہ مشوری کو حالت تشویشناک ہونے کراچی منتقل کر دیا گیا، انکو 7 گولیاں جسم کے مختلف حصوں میں لگی ہیں۔ قاتلانہ حملے کی اطلاع پر ایس ایس پی شبیر سیٹھار، اے ایس پی درتابش پیپلز میڈیکل اسپتال پہنچ گئے ، جہاں انکا کہنا تھا کہ یہ واقعہ پولیس فورس پر حملے کے مترادف ہے ، جو کسی صورت قابلِ برداشت نہیں۔ شبیر احمد سیٹھار نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایات کی۔ پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 5 افراد کو اسلحے سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ شبیر سیٹھار کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق چاہے فریقین کے درمیان معاشرتی یا باہمی دشمنی موجود ہو، لیکن باوردی لیڈی پولیس اہلکار پر حملہ دہشت گردی کے زمرے میں آتا ہے ، ملوث عناصر کے خلاف اسی نوعیت کے مقدمات کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔