بدین:وزیر بلدیات ناصر شاہ کی کھلی کچہری، مسائل سنے

بدین:وزیر بلدیات ناصر شاہ کی کھلی کچہری، مسائل سنے

پولیس، تعلیم، ریونیو، گیس سمیت دیگر محکموں سے متعلق شکایات، حل کی یقین دہانی

بدین، پنگریو (نمائندگان دنیا)صوبائی وزیر بلدیات ہاؤسنگ و ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے بدین ضلع کونسل ہال میں کھلی کچہری کے دوران عوامی مسائل سنے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر مسائل سننے کے لیے آیا ہوں۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے پولیس، تعلیم، صحت، ریونیو، پبلک ہیلتھ، سوئی گیس، آبپاشی، ایجوکیشن ورکس، ہائی ویز، ماحولیات، زراعت، ڈرینج، نادرا، سندھ بینک اور آر ٹی اے سمیت مختلف محکموں سے متعلق شکایات پیش کیں۔ صوبائی وزیر نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ہر جائز مسئلے کا حل ضرور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام شکایات نوٹ کرلی گئی ہیں۔ یہ کھلی کچہری صرف رسمی کارروائی نہیں بلکہ اس کا باقاعدہ فالو اپ بھی ہوگا اور بہت جلد دوبارہ کھلی کچہری منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جو عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے ۔ فصلوں کی قیمت سے متعلق پارٹی کا واضح مؤقف ہے کہ ہاری کو اس کی محنت کا زیادہ سے زیادہ معاوضہ ملے ۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کی وجہ سے فی الحال اجناس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں زیادہ تر مسائل اجتماعی نوعیت کے تھے ۔ منشیات کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت مؤثر اقدامات کر رہی ہے ، جس علاقے سے بھی منشیات کی شکایات بڑھیں گی، وہاں کے ایس ایچ او کو فوری معطل کیا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں