سندھ میں مقامی حکومتوں کو مضبوط کیا جارہا ہے ،وزیربلدیات
ٹاؤن اور یوسی سطح پر اختیارات بڑھے ہیں،جاری منصوبوں کی رفتار تیز ہوئیناصرحسین شاہ سے عالمی بینک کے مشن کے وفد کی ملاقات،منصوبوں کاجائزہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے ورلڈ بینک مشن کے وفد نے اہم ملاقات کی ۔ ملاقات میں ورلڈ بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت، فیلڈ ورک کی رفتار، شہری انفرااسٹرکچر کی بہتری، سڑکوں، نالوں، نکاسی آب اور سالڈ ویسٹ آپریشنز کے جامع جائزے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی ایک میگا سٹی ہے اور اس کے مسائل بھی بڑے ہیں، مگر ورلڈ بینک کے اشتراک سے جاری منصوبوں میں رفتار آئی ہے اور کئی پراجیکٹس تکمیل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ سندھ حکومت تمام مقامی حکومتوں کو مضبوط کر رہی ہے ، ٹاؤن اور یوسی سطح پر اختیارات بڑھے ہیں جبکہ شفافیت، فیلڈ مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی واضح ہدایات ہیں کہ شہری سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچائی جائیں اور بلدیاتی نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق فعال کیا جائے ۔ ملاقات میں فنڈز کے شفاف استعمال، کنٹریکٹرز کی کارکردگی، پراجیکٹ ٹائم لائنز، ورلڈ بینک کی تکنیکی معاونت، نالہ آپریشن، سڑکوں کی بحالی، شہری شکایات کے فوری حل کے لیے اسمارٹ ماڈیول اور فیلڈ انسپکشن کے نئے طریقہ کار پر بھی اہم فیصلے کیے گئے ۔ وزیر بلدیات نے ورلڈ بینک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی، جدید شہری خدمات اور مضبوط بلدیاتی ڈھانچے کے قیام میں ورلڈ بینک کی شراکت اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔