ڈی جی کے ڈی اے کا سوک سینٹر کا دورہ، ریکارڈ کا جائزہ لیا
محکمہ لینڈ میں شہریوں سے ملاقات ، افسران کو مسائل کے فوری حل کی ہدایتسرکاری اراضی کو ہر صورت غیر قانونی قبضوں سے پاک رکھا جائے ،آصف جان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے کے ڈی اے سوک سینٹر میں واقع محکمہ لینڈ، محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ اور ریکارڈ روم کا اچانک دورہ کیا۔دورے کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے محکمہ لینڈ میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے ان کے زیرِ التواء لینڈ کے معاملات، درپیش مشکلات اور عملے کے رویے سے متعلق سوالات کیے ۔ اس موقع پر شہریوں نے اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن پر ڈی جی نے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ عوامی سہولت کیلئے لینڈ سے متعلق تمام کارروائیاں شفاف، تیز رفتار اور میرٹ پر کی جائیں۔بعد ازاں محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ میں افسران سے ملاقات کے دوران ڈی جی کے ڈی اے نے شہر بھر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف مہم بلا امتیاز جاری رکھی جائے اور شہر کی سرکاری اراضی کو ہر صورت غیر قانونی قبضوں سے پاک رکھا جائے ۔آخر میں ریکارڈ روم کے دورے کے دوران ڈی جی نے شہریوں کے محفوظ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا اور ریکارڈ کی حفاظت، ترتیب کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریکارڈ کی بہتر دیکھ بھال کرنے والے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ شہریوں کا محفوظ ریکارڈ ادارے کا قیمتی اثاثہ ہے ۔