بغیر فٹنس چلنے والے ٹینکر نہ روکے تو ہائیڈرنٹ کاگھیراؤ کریں گے ،آفاق احمد
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کی زد میں آنے سے ہونے والی انسانی ہلاکتوں اور سندھی کلچر ڈے کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے خلاف شدید تشویش کا اظہار کیا ۔۔
تنظیمی کمیٹیوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ رواں سال اب تک ہیوی ٹریفک کے حادثات میں 806 افراد اپنی جانیں کھو چکے ہیں مگر حکومت کی سنجیدگی اور ذمہ داری کا فقدان واضح ہے ۔ مہاجر قومی موومنٹ کا موقف یہ ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر بے لگام دندناتے ہیوی وہیکلز کی قانونی ملکیت ثابت ہونے تک شہر میں داخلے پر پابندی ہونی چاہیے اور تمام ہیوی وہیکلز کیلئے لازمی لائسنس ہونا چاہیے تاہم چونکہ بیشتر ہیوی وہیکلز بااثر افراد کے زیر ملکیت ہیں اور غیر قانونی ہیں، اس لیے قوانین کو پسِ پشت ڈال کر شہریوں کو کچلنے کی اجازت دی جارہی ہے ۔ آفاق احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو فوری بند کیا جائے اور واٹر بورڈ کے زیر انتظام صرف رجسٹرڈ اور فٹنس سرٹیفکیٹ یافتہ ٹینکروں کو پانی فراہم کرنے کی اجازت دی جائے ، ورنہ مہاجر قومی موومنٹ عوام کے ساتھ ہائیڈرنٹس کا گھیراؤ کرنے کے اقدامات کرے گی۔