بینظیر کی برسی کی تیاریاں جاری، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ کااجلاس
ڈی ایچ او، ریونیو افسران ودیگر کی اپنے شعبوں سے متعلق اجلاس کو بریفنگڈپٹی کمشنر، چیئرمین کا سکیورٹی انتظامات، اسٹیج کا معائنہ، کام مکمل کرنیکی ہدایت
نوڈیرو، لاڑکانہ (نمائندگان دنیا)27 دسمبر کو شہید بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی کی تیاریاں گڑھی خدابخش بھٹو میں تیزی سے جاری ہیں۔ برسی انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ شرجیل انعام چنہ اور ضلع کونسل چیئرمین اعجاز احمد لغاری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں مختلف محکموں نے اپنی تیاریوں کی تفصیلات پیش کیں، اجلاس میں ڈی ایچ او ہیلتھ، ریونیو افسران واپڈا، اور لوکل گورنمنٹ کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی اور اپنے اپنے شعبوں کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی۔
انتظامیہ کے مطابق 26 دسمبر کو تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی، جبکہ برسی کے روز مزار کے سامنے کارکنان کے لیے خصوصی کیمپس لگائے جائیں گے ، تاکہ انہیں مکمل سہولت فراہم کی جا سکے ، ڈی سی شرجیل انعام اور چیئرمین اعجاز احمد لغاری نے جاری انتظامی امور کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے مرکزی جلسے کے لیے تیار اسٹیج، سکیورٹی انتظامات اور پارکنگ ایریاز کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باقی کام فوری مکمل کیے جائیں۔