عمارت کیلئے فائر اینڈ لائف سیفٹی این او سی لازم قرار
مشیروزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں ریسکیو اکیڈمی کے قیام کی منظوریریسکیو 1122 سندھ میں ایمرجنسی خدمات کا اعصابی مرکز ہے ،گیان چنداسرانی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ایمرجنسی کونسل کا چوتھا اجلاس مشیرِ وزیراعلیٰ سندھ برائے بحالیات گیان چند اسرانی کی زیر صدارت پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جس میں ریسکیو 1122 کی کارکردگی، ایمرجنسی رسپانس، سہولیات میں توسیع، جاری سرگرمیوں، مسائل اور وسائل کی ضرورت پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران ریسکیو 1122 کی کارکردگی کو سراہا گیا اور صوبہ سندھ کے لیے اس ادارے کو لائف لائن قرار دیا۔اجلاس میں کونسل نے ریسکیو اکیڈمی سندھ کے قیام کی باضابطہ منظوری دی اور اسے صوبے میں ایمرجنسی مینجمنٹ کی تاریخ میں سنگِ میل قرار دیا۔ اجلاس میں ریسکیو 1122 اہلکاروں کے لیے گروپ انشورنس کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ریسکیو 1122 سندھ اور ملیر انڈسٹریل پارک کے درمیان زمین کے الاٹمنٹ سے متعلق ایم او یو کے انعقاد کی منظوری دی گئی جس کے تحت ملیر انڈسٹریل پارک میں 2.5 ایکڑ پر ایمرجنسی رسپانس سینٹر قائم کیا جائے گا جو صنعتی علاقوں، رہائشی زونز اور ٹرانسپورٹ کاریڈورز کو بروقت خدمات فراہم کرے گا۔اجلاس میں ریسکیو 1122 سندھ کے لیے الگ اکاؤنٹ کھولنے ، صوبے میں کسی بھی عمارت یا تنصیب کی تعمیر شروع کرنے سے پہلے لازمی فائر اینڈ لائف سیفٹی این او سی متعارف کرانے کی منظوری بھی دے دی گئی۔ مشیروزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سندھ میں ایمرجنسی خدمات کا اعصابی مرکز ہے۔