مکالمے سے تنازعات ختم کرنے کی کوششیں ضروری ،گورنر

مکالمے سے تنازعات ختم کرنے کی کوششیں ضروری ،گورنر

عالمی غیرجانبداری کا دن انصاف اور انسانی اقدار کی پاسداری کا درس دیتا ہے ، پیغام

کراچی(نیوز ایجنسیاں)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عالمی غیرجانبداری کے دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر میں امن، برداشت اور باہمی احترام کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔جمعہ کو گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ عالمی غیرجانبداری کا دن ہمیں انصاف، توازن اور انسانی اقدار کی پاسداری کا درس دیتا ہے ، جو ایک مہذب معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ۔گورنر سندھ نے عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مکالمے اور تعاون کے ذریعے تنازعات کے خاتمے کی کوششیں تیز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی امن کے لیے اپنا غیرجانبدارانہ، ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔کامران خان ٹیسوری نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ برداشت، ہم آہنگی اور امن کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں، کیونکہ نوجوان ہی معاشرے کی اصل قوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرجانبداری نہ صرف عالمی تنازعات کے حل میں مددگار ہے بلکہ پائیدار ترقی کی بنیاد بھی فراہم کرتی ہے ۔علاوہ ازیں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے قطر کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں آمد پر قطر کے قونصل جنرل اور دیگر سفارتی عملے نے گورنر سندھ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں