اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے امت متحد ہے ، صاحبزادہ زبیر
قادیانیوں کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، صدر جے یوپی
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر صاحبزادہ زبیر نے تاجدار ختم نبوت کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت،قانون ناموس رسالت اور اسلامی اقدار کے تحفظ کیلئے امت متحدہے ، قادیانیوں کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، قادیانی اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں لہذا انہیں حکو مت کلیدی عہدوں سے فی الفور ہٹائے ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے ذریعہ ختم نبوت کے قوانین پر ضرب لگانے کی سازش کی گئی، امت کے ہر فرد نے اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اس کا تحفظ کیا، ہم نے سپریم کورٹ میں جا کر ختم نبوت کا مقدمہ لڑا، اب پھر اقلیتوں کے نام پر ایسے قوانین بنانے کی سعی کی گئی۔
جن سے ناموسِ رسالت اور ختمِ نبوت کے قوانین غیر مؤثر ہوسکتے تھے ، لیکن علما کی شدید مزاحمت کے بعد وہ شق حکومت کونکالنی پڑی۔ انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے سب سے پہلے حضرت سیدنا ابو بکرصدیق رضی اﷲ تعالی عنہ نے علم جہاد بلند کیا، ماضی میں قادیانی سازشوں کا قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانی نے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور انہیں غیر مسلم اقلیت قرار دلواکر قادیانیت کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکی، قوم بیدار رہے ، اسلام دشمن طاغوتی قوتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے کی سازشیں کررہی ہیں۔