پیپلز پارٹی کا مائنڈ سیٹ وڈیرانہ و جاگیردارانہ ،منعم ظفر
صوبائی حکومت نے ہر ادارے کو تباہ کردیا ،شہر کے ہرشعبے میں مافیا موجود ہےہیوی ٹریفک سے اموات،ای چالان اور تباہ حال انفرااسٹرکچر کے خلاف دھرنا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت شہر میں ڈمپر اور ہیوی ٹریفک کے باعث شہریوں کی بڑھتی اموات، ای چالان کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکے ، حکومتی بے حسی، تباہ حال انفرااسٹرکچر، شہریوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف ہفتے کی شام نما ئش چورنگی پر دھرنا دیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ سندھ حکومت و ٹریفک پولیس نے ڈمپرز و ٹینکرز مافیا کو شہریوں کے قتل کرنے کا لائسنس دے دیا ہے ۔ ای چالان کے نام پر لوٹ مار کا دھندا شروع کیا ہوا ہے اور 5 ہزار سے لے کر 20 ہزار تک چالان کیے جارہے ہیں۔
پیپلز پارٹی گزشتہ 17 سال سے کراچی کے شہریوں کو لوٹ رہی ہے اور شہر کے اداروں اور وسائل پر قابض ہے اور وفاق میں بھی مسلم لیگ ن سے گٹھ جوڑ کیا ہوا ہے۔ 173ناقابل رہائش شہروں میں کراچی کا 170 واں نمبر سندھ حکومت اور قابض میئر کی نااہلی و بد انتظامی کا ثبوت ہے ، پیپلز پارٹی کا مائنڈ سیٹ وڈیرانہ و جاگیردارانہ ہے اور وہ چاہتی ہے کہ عوام کو غلام بنا کر رکھا جائے ۔پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے کراچی کے ہر ادارے کو تباہ کردیا ہے اور شہر میں ہرشعبے میں مافیا موجود ہے ۔ شہر میں ایسی مافیا بھی ہیں جو انسانی جانوں سے کھیل رہی ہیں۔ پیپلز پارٹی کراچی کو باعزت ٹرانسپورٹ دینے کے لیے تیار نہیں ہے ۔