روہڑی:چوروں کی فائرنگ سے 2جاں بحق، ایک ملزم بھی ہلاک
گاؤں دلاور ڈپٹی ساوند میں گائے چوری کی کوشش، اہلخانہ کے جاگنے پر فائرنگ کردیجیکب آباد میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت، اسکول ٹیچر قتل،ڈاکو بھی مارا گیا
روہڑی، جیکب آباد (نمائندگان دنیا)روہڑی اور جیکب آباد میں چوروں، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسکول ٹیچر سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے ، جبکہ 2 ملزمان بھی مارے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق روہڑی کے گاؤں دلاور ڈپٹی ساوند میں گزشتہ شب چور گاؤں کے ایک گھر میں گھس کر وہاں پر بندھی گائے کھول کر فرار ہورہے تھے کہ اہل خانہ بیدار ہوگئے ، مزاحمت پر مسلح چوروں نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں پچیس سالہ عبدالشکور ساوند اور چالیس سالہ مختار ساوند موقع پر جاں بحق ہوگئے ، جبکہ ایک شخص اکیس سالہ محمد صدیق ساوند زخمی ہوگیا، چور واقعہ کے بعد فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے ، پولیس نے اطلاع پر مقتولین کی لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر روہڑی تعلقہ اسپتال پہنچایا۔
دوسری جانب واقعہ کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں آپریشن کیا تو ان کی مڈ بھیڑ ملزمان سے ہوگئی، فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک مسلح شخص ہلاک ہوگیا، جس کی شناخت نہیں ہوئی۔ دوسری جانب جیکب آباد میں قادر پور موڑ کے قریب پرائمری اسکول ٹیچر الٰہی بخش مغیری کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کردیا گیا، جبکہ ایک ڈاکو بھی مارا گیا جس کی شناخت پولیس کے مطابق مٹھل معرفانی کے طور پر ہوئی ہے ، پولیس نے لاش سول اسپتال منتقل کی، ٹیچر کے قتل کی اطلاع پر مغیری برادری کی بڑی تعداد سول اسپتال پہنچ گئی۔