میرپور خاص:این ایچ اے کی نصب سولر لائٹس 2ماہ بعد ہی ناکارہ
زنگ آلود اور استعمال شدہ ناکارہ سولر لائٹس صاف کرکے نصب کی گئیں ، شہریوں کا الزامجرواری شاخ بائی پاس کو روشن کیا گیا تھا،شہری حلقوں کا شفاف تحقیقات کا مطالبہ
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے نصب سولر لائٹس صرف 2 ماہ بعد ہی جواب دے گئیں، یہ لائٹس جرواری شاخ بائی روڈ پر لگائی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی جانب سے ترقیاتی منصوبے کے تحت نجی ریستوران مرچی 360سے جرواری شاخ بائی پاس روڈ تک سڑک کی تعمیر و توسیع کا کام جاری ہے ۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ ترقیاتی منصوبے کی آڑ میں زنگ آلود، استعمال شدہ ناکارہ سولر لائٹس نصب کی گئیں ، لگائی جانے والی تمام سولر لائٹس دو ماہ کے دوران ہی مکمل طور پر بند ہوگئیں۔ جبکہ تنصیب کا کام بھی ناتجربہ کار افراد کو سونپا گیا تھا۔
جس سے مذکورہ ترقیاتی منصوبے کے ٹینڈر کے اجرا اور منظوری کے عمل میں شکوک شبہات پائے گئے تھے ۔ ذرائع کے مطابق اس ترقیاتی منصوبے میں مرمت شدہ سولر لائٹس صرف دوماہ ہی قابل استعمال رہ سکیں ، جبکہ جعلی بلوں کے ذریعے قومی دولت ہڑپ کرنے کے خدشات بھی پائے جاتے ہیں۔ شہری حلقوں نے وزیر اعظم، چیف جسٹس، گورنر سندھ اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ ترقیاتی منصوبے کے ٹینڈر سمیت ناتجربہ کار عملے اور ناکارہ سولر لائٹس کی تنصیب کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، قومی دولت لوٹنے والے ملک دشمن عناصر کیخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔