چینی کی قیمتوں پر کمشنر کراچی کا نوٹیفکیشن ابہام کا شکار
سرکاری نرخ نامے میں قیمتیں زیادہ ،سستی چینی کی فراہمی متاثر ہورہیہول سیل قیمت 100 روپے کلو تک آنے کا امکان ہے ، عبدالرؤف ابراہیم
کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)چینی کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کمشنر کا نوٹیفکیشن شدید تنقید اور ابہام کا شکارہو گیا جہاں ایک جانب ملک بھر میں چینی کے دام تیزی سے نیچے آ رہے ہیں، وہیں دوسری جانب سرکاری نرخ نامے میں قیمتیں غیر معمولی طور پر زیادہ مقرر ہونے سے سستی چینی کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے ۔ کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت فی کلو 140 روپے جبکہ ریٹیل مارکیٹ میں فی کلو143روپے مقرر کی گئی۔ صرف 25 روز کے دوران ایکس مل میں چینی کی قیمت44روپے کی کمی سے 136 روپے فی کلو تک آ گئی،اسی طرح ہول سیل مارکیٹ میں بھی قیمت 52 روپے کی کمی سے 136 روپے کلو ہو گئی۔ایکس مل اور ہول سیل سطح پر قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے اثرات ریٹیل مارکیٹ میں بھی منتقل ہونا شروع ہو گئے ، اس وقت ریٹیل میں چینی 59 روپے کی کمی سے 143 روپے کلو میں فروخت ہو رہی ہے ۔چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر ہاؤس سے جاری کردہ نرخ نامے سستی چینی کی فراہمی میں بڑی رکاوٹ بن رہے ہیں۔ نوٹیفکیشن مہنگی چینی فروخت کرنے کا تاثر دیتا ہے ۔ درآمدی اور مقامی کاشت کی گئی چینی کی وافر مقدار موجود ہونے کے باعث آئندہ دنوں میں ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 100 روپے کلو تک آنے کا امکان ہے ۔