پولیس کے روایتی طریقے اور غیر قانونی چھاپے جاری
تاجر کے گھر کا پولیس نے صبح ساڑھے 5 بجے گھیرا ؤکر لیا، فوٹیج سامنے آ گئیبھائیوں میں جائیداد کا جھگڑا چل رہا ہے ،چھاپے کی شکایت نہیں کی گئی،پولیس
کراچی (آئی این پی ) شہر قائد میں پولیس کے روایتی طریقے اور غیر قانونی چھاپے بند نہ ہو سکے ، نارتھ ناظم آباد میں تاجر کے گھر کا پولیس نے صبح ساڑھے 5 بجے گھیرا ؤکر لیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی ہے ۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار گھنٹی بجا کر تاجر کے بارے میں سیکیورٹی عملے سے پوچھ گچھ کرتے رہے ، متاثرہ تاجر ارشد کے مطابق یہ واقعہ یکم جنوری کی صبح 5 بجکر 40 منٹ پر پیش آیا تھا۔تاجر کے بیان کے مطابق ایک پولیس موبائل گھر کے باہر آئی جس پر سی آئی اے لکھا تھا، بغیر نمبر پلیٹ پولیس موبائل اور موٹر سائیکلوں پر 9 پولیس اہلکار تھے ، کچھ سادہ لباس افراد پولیس نفری کے ساتھ موجود تھے۔
تاجر نے بتایا کہ ایک سادہ لباس شخص نے میرے سیکیورٹی گارڈ کو میری تصویر دکھائی، اور گارڈ سے کہا تصدیق کرو یہی تمھارا مالک ارشد ہے ؟ سیکیورٹی گارڈ نے کہا مالک گھر پر نہیں ہیں تو پولیس واپس چلی گئی۔تاجر کے مطابق اس کا اپنے بھائی سے جائیداد کا جھگڑا چل رہا ہے ، شبہ ہے بھائی نے سی آئی اے کو دھمکانے کے لیے بھیجا، تاجر نے بالا حکام سے اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی اپیل کر دی ہے ۔دوسری جانب پولیس حکام نے کہا ہے کہ غیر قانونی چھاپے کی کوئی کمپلین پولیس کو نہیں کی گئی، بھائیوں میں جائیداد کا جھگڑا چل رہا ہے ، اور پراپرٹی کیس عدالت میں بھی زیرسماعت ہے ۔