دڑو :ڈاکوؤں کی اسپتال آنیوالے مریض، ورثا سے لوٹ مار

دڑو :ڈاکوؤں کی اسپتال آنیوالے مریض، ورثا سے لوٹ مار

تیمارداروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا، واقعہ کے خلاف خاصخیلی برادری کا احتجاجڈاکو سرعام سڑکوں پر لوٹ مارکررہے ،کوئی کارروائی کرنے کو تیار نہیں،متاثرین

دڑو (نمائندہ دنیا) دڑو، بیلو روڈ پر مسلح ڈاکوؤں کی علاج کے لئے آنے والے مریض اور ورثا سے لوٹ مار اور تشدد، واقعہ کے خلاف متاثرین نے احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق دڑو کے قریب بیلو روڈ ،وارسانی شاہ اسٹاپ پر 4 مسلح ڈاکوؤں نے مریض کو لیکر علاج کے لئے آنے والے پک اپ میں سوار خاصخیلی برادری کے لوگوں کو یرغمال بنا کر ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لئے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہو گئے ۔ خاصخیلی برادری کی جانب سے نور محمد خاصخیلی اور دیگر کی قیادت میں بیلو، دڑو روڈ پر واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نعرے بازی کی گئی۔

اس موقع پر دیہاتیوں نے الزام لگایا کہ بیلو پولیس کی نااہلی سے بدامنی میں اضافہ ہوا ہے ، سڑکیں ڈکیتوں اور چوروں کے حوالے کر دی گئی ہیں، ہم اپنے گھروں سے نہیں نکل سکتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گلو خاصخیلی نامی بیمار شخص کو علاج کے لیے دڑو اسپتال لائے تھے کہ مسلح افراد نے گاڑی روک کر تمام رقم اور موبائل فون لوٹ لئے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دڑو بیلو روڈ اب ہر کسی کے لیے غیر محفوظ ہو چکا ہے ، جرائم پیشہ گروہ وارداتیں کر رہے ہیں، پولیس صرف منشیات فروشوں کے پیچھے لگی ہوئی ہے ، مسلح افراد سرعام سڑکوں پر ڈکیتی کرتے ہیں، ان کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کو تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں