نوڈیرو:شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن کی لائن خستہ، حادثے کاخطرہ
کئی مقامات پر سلیپرز ختم ہوچکے ، بعض جگہوں سے نٹ بولٹ مکمل غائب ہیںٹرین گزرتے وقت پٹڑی جگہ چھوڑنے لگی، گاڑیوں کی آمد ورفت خطرے میں
نوڈیرو (نمائندہ دنیا)شاہنواز بھٹو ریلوے اسٹیشن کی لائن خستہ حالی کا شکار ہوگئی، جس کے سبب کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق ریلوے ٹریک کے نیچے نصب سلیپرز کے نٹ بولٹ متعدد مقامات سے مکمل طور پر غائب ہیں، جبکہ کئی جگہوں پر سلیپرز ہی ختم ہو چکے ہیں، سلیپرز نہ ہونے کے باعث ٹرین کے گزرتے وقت ریلوے پٹڑی اپنی جگہ سے چھوڑنے لگی ہے ، جس سے ٹرینوں کی محفوظ آمد و رفت شدید خطرے میں پڑ گئی ہے ۔ علاقہ مکینوں اور مسافروں نے ریلوے انتظامیہ کی مسلسل لاپروائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو کسی بھی وقت جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے ، شہریوں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے ، ریلوے لائن کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کی جائے اور نئے سلیپرز نصب کیے جائیں تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔