سانحہ گل پلازہ پرکراچی تاخیبر تاجر غمزدہ ہیں، مرکزی تنظیم تاجران
سکھر(بیورو رپورٹ)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سیکریٹری جنرل سید عبدالقیوم آغا، نائب صدر و سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ قیامت کا منظر تھا۔
کراچی سے خیبر تک ہر تاجر افسوسناک سانحہ پر انتہائی رنج و الم میں مبتلا ہے، افسوس کا مقام تو یہ ہے کہ تاجر برادری کے دیئے ٹیکس سے ہی ملکی نظام چلتا ہے، ہمارے ٹیکس سے ہی حکمران اور بیوروکریسی عیاشیاں کرتے ہیں لیکن حکمرانوں کے پاس تجارتی مراکز کے تحفظ، ہنگامی صورتحال سے بچاؤ کیلئے انتظام نہیں، کراچی گل پلازہ میں مسلسل 36 گھنٹوں تک آگ جلتی رہی، کئی افراد شہید ہوگئے، اربوں روپے کی دکانیں اور مال خاکستر ہوگیا، لیکن ہمارے پاس کوئی ایسی سہولت نہیں جس سے ہم فوری طور پر آگ پر قابو پاکر تاجروں کو تحفظ فراہم کرسکتے جوکہ حکمرانوں ، بیوروکریسی کی بدترین نااہلی اور غفلت کی واضح مثال ہے۔