صہیب برتھ،ذیشان عاشق کا نوازشریف کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ

صہیب برتھ،ذیشان عاشق کا نوازشریف کارڈیالوجی ہسپتال کا دورہ

مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ ، افتتاح سے قبل فائنل ٹچ اور تیاریوں کا جائزہ کچہری روڈ فلائی اوور پر مرمتی کام کے معیار کا موقع پر جائزہ لیا،بریفنگ بھی لی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد برتھ، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے سیاسی امور ذیشان عاشق ملک اور سیکرٹری کوآرڈی نیشن وزیراعلیٰ آفس واجد علی شاہ نے نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے افتتاح سے قبل فائنل ٹچ اور انتظامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ڈیپ کے انجینئرز نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ۔ ہسپتال میں جدید طبی آلات، ایمرجنسی، آئی سی یو، آپریشن تھیٹرز، تشخیصی سہولیات اور دیگر ضروری شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں۔

ملک صہیب احمد برتھ نے کہا کہ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اس وژن کا عملی مظہر ہے جو دل کے مریضوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا۔ ذیشان عاشق ملک نے کہا کہ یہ منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی دلچسپی کا عکاس ہے ،دریں اثنا صوبائی وزیر مواصلات اور مشیر وزیر اعلیٰ نے کچہری روڈ فلائی اوور پر جاری مرمتی کام کے معیار کا موقع پر جا کر جائزہ لیا۔اس موقع پر ایکسین ہائی ویز ملک گلفام اعوان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائی اوور کی کارپٹ، لائٹس کی تنصیب و بحالی ، بیوٹیفکیشن، لین مارکنگ اور رنگ و روغن سمیت دیگر ضروری مرمتی کام تیزی سے جاری ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں