پیپلز پارٹی میں شمولیت، وسیم افضل گوندل کی پرویز اشرف سے ملاقات
بھیرہ (نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی میں ممکنہ سیاسی صف بندیوں کے تناظر میں سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری وسیم افضل گوندل کی سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کو اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کا مقصد پیپلز پارٹی میں شمولیت سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینا ہے ، جو آنے والے دنوں میں مقامی اور صوبائی سیاست پر اثر انداز ہو سکتی ہے ۔ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری ندیم افضل چن کی موجودگی نے اس سیاسی پیش رفت کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا ہے ۔ یہ اطلاعات بھی سامنے آ رہی ہیں کہ سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل، جو چوہدری ندیم افضل چن کے ماموں ہیں، بھی دوبارہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے امکانات پر غور کر رہے ہیں۔