جماعت اسلامی 10رمضان کو یوم باب الاسلام منائے گی
شہروں میں جلسہ سیمینار، مذاکرے اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گےفاتح سندھ محمد بن قاسم نے سندھ کو امن وآشتی کا مرکز بنایا، کاشف شیخ
کراچی (این این آئی)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 28 فروری کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں دس رمضان المبارک یوم باب الاسلام بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق اس سلسلے میں دس رمضان المبارک کو سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں جلسہ سیمینار، مذاکرے اور اجتماعات منعقد کئے جائیں گے ۔ جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی وصوبائی رہنماؤں کے علاوہ نامور علماء کرام، دانشور بھی خطاب کریں گے ۔ مقررین محمد بن قاسم کی سندھ آمد،اسلامی حکومت کے قیام،،سندھ کو باب الاسلام کا شرف بخشنے ، اور داہرکے لوٹ مار کے دور کو ختم کرکے سندھ کو امن وآتشی اور عدل و انصاف قائم کرنے سمیت ان کی خدمات پر روشنی ڈالیں گے ۔
صوبائی امیرکاشف سعید شیخ جیکب آباد،سینئررہنما اسداللہ بھٹو نواب شاہ،نائب امیرحافظ نصراللہ چنا کراچی،نائب امیر پروفیسرنظام الدین میمن شہدادکوٹ، جنرل سیکرٹری محمدیوسف بدین،مولانا عبدالقدوس احمدانی مٹیاری ،امداداللہ بجارانی لاڑکانہ میں منعقدہ یوم باب الاسلام کے اجتماعات سے خطاب کریں گے ۔امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ محسن سندھ محمد بن قاسم نے ایک مظلوم بہن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے اسے راجہ داھر کے ظلم سے نجات کے ساتھ سندھ میں امن وآشتی وبھائی چارہ قائم کرکے سندھ کے عوام پر احسان کیا اسلئے سندھ کے عوام محسن سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے ۔