آلودگی:سی ڈی اے، اے ڈی بی کا تعاون بڑھانے پر اتفاق
فضائی آلودگی میں کمی سمیت ماحولیاتی تحفظ اولین ترجیح،چیئرمین سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی اسلام آباد میں فضائی آلودگی کے خاتمے، ماحولیاتی تحفظ اور ائیر کوالٹی کی بہتری کے حوالے سے اے ڈی بی کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کے خاتمے، ائیر کوالٹی میں بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد میں فضائی آلودگی میں کمی سمیت ماحولیاتی تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسلام آباد کے گرین کور کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جارہے ہیں۔ اے ڈی بی کے وفد نے کہا کہ اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر مختلف شعبوں ٹرانسپورٹ، انڈسٹری، شہری فضائی آلودگی، کچرے کو کھلی فضا میں جلانے اور زراعت و لائیو سٹاک میں اصلاحات اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں فضائی آلودگی کے خاتمے، ائیر کوالٹی انڈیکس کی بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے اے ڈی بی اور سی ڈی اے کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق ہوا۔