جی سیون فائز بریگیڈمارکیٹ میں تجاوزات کے خلاف آپریشن 110دکانیں سیل 14گرفتار
اسسٹنٹ کمشنر کا مجسٹریٹ کے ہمراہ آپریشن ، فٹ پاتھ پر غیر قانونی ورکشاپس، پارکنگ، گرین بیلٹ سے بھی قبضہ ختم کر ا دیامالکان کو کئی بار نوٹس جاری کئے لیکن عملدرآمد نہ ہوا، مکینوں کی بھی شکایات، یقین دہانی تک دکانیں سیل رہیں گی، ڈپٹی کمشنر
اسلام آباد (یاسر ملک) سی ڈی اے نے سیکٹر جی سیون کی فائر بریگیڈ مارکیٹ میں گرینڈ آپریشن کرکے تجاوزات کا صفایا کردیا، کارروائی کے دوران گاڑیوں کی 110ورکشاپس سیل کرکے 14افراد کو حراست میں لیا گیا، آپریشن کے دوران مارکیٹ کے بالمقابل فٹ پاتھ پر غیر قانونی ورکشاپس اور پارکنگ کا خاتمہ ہو گیا۔ ورکشاپ مالکان نے گرین بیلٹ پر بھی قبضہ جما رکھا تھا۔ ورکشاپ مالکان کو متعدد بار نوٹس دے کر تجاوزات ختم کرنے کا کہا گیا تھا تاہم انہوں نے عملدرآمد نہیں کیا۔چیف کمشنر اور چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس صورتحال کا نوٹس لیا اور تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے خصوصی احکامات جاری کئے اور اسسٹنٹ کمشنر ماہین حسن نے متعلقہ مجسٹریٹ کے ہمراہ کارروائی کی۔
ڈپٹی کمشنر نے دنیا سے گفتگو میں کہا کہ فائر بریگیڈ کے عقب میں واقع مارکیٹ کے ورکشاپ مالکان نے عرصہ دراز سے تجاوزات قائم کی تھیں۔ مین سٹریٹ اور رہائشی علاقے میں گرین ایریا پر بھی قبضہ جما رکھا تھا۔ یہ غیرقانونی ورکشاپس نہ صرف رش کا باعث بن رہی تھیں بلکہ ڈینگی وائرس کی افزائش کا سبب بھی تھیں۔ اس کے علاوہ دن بھر گاڑیوں کے مرمتی کام سے علاقہ کچرا کنڈی میں تبدیل ہوگیا تھا۔ مالکان کو متعدد بار متنبہ کیا گیا تھا تاہم انہوں نے عملدرآمد نہیں کیا۔ تجاوزات قائم نہ کرنے کی باضابطہ یقین دہانی تک ورکشاپس سیل رہیں گی۔ واضح رہے کہ سیکٹر جی سیون کے رہائشیوں نے متعدد بار شکایات درج کرائی تھیں کہ فائر بریگیڈ کے عقب میں گاڑیوں کے ورکشاپس کے مالکان نے نہ صرف مین سٹریٹ پر قبضہ کیا ہے بلکہ مارکیٹ کے بالمقابل رہائشی گھروں کے عین سامنے فٹ پاتھ پر غیرقانونی ورکشاپس قائم کی ہیں۔