ڈویژنل سطح پر سائنس ایجوکیشن مراکز بنانے کا فیصلہ

 ڈویژنل سطح پر سائنس ایجوکیشن مراکز بنانے کا فیصلہ

طلبہ کیلئے سائنسی مشاہدات پر مبنی مطالعاتی دوروں کا کیلنڈر بھی جاری کیا جائے ٹیکنالوجی کے دور میں بچوں کو کسی صورت پیچھے نہیں چھوڑ سکتے ،صوبائی وزیر تعلیم

کراچی(اے پی پی)صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر میں ڈویژنل سطح پر 6جدید سائنس ایجوکیشن مراکز قائم کیے جائیں گے جبکہ سرکاری اسکولوں کے طلبہ کیلئے سائنسی مشاہدات پر مبنی مطالعاتی دوروں کا باقاعدہ سالانہ کیلنڈر بھی جاری کیا جائے گا۔بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر تعلیم نے بدھ کوکراچی میں داؤد فاؤنڈیشن کے قائم کردہ پاکستان کے پہلے سائنس میوزیم میگنفی سائنس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر فواد سومرو نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پرصوبائی وزیر نے سینٹر کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا،بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا جدید اور انٹرایکٹو سائنس سینٹر ہے، جہاں سائنس کو تفریحی اور عملی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ سید سردار علی شاہ نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلبہ کو سائنسی مشاہدات سے جوڑنے کے لیے مطالعاتی دورے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں محض نصابی تعلیم کافی نہیں بلکہ عملی تجربات اور مشاہداتی انداز میں سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں ہم اپنے بچوں کو کسی صورت پیچھے نہیں چھوڑ سکتے ۔صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق سندھ حکومت ڈویژنل سطح پر 6 سائنس مراکز قائم کرے گی، جنہیں نجی شعبے کے اشتراک سے چلایا جائے گا۔ اس ضمن میں میگنفی سائنس سینٹر کے تجربات اور تجاویز سے استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے ۔اس موقع پرسندھ حکومت اور دی داؤد فاؤنڈیشن کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں